کون بنے گا نگراں وزیراعظم، حکومت اور اپوزیشن اہم فیصلے کے قریب پہنچ گئے۔اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے 3 نام فائنل کرلیے۔
قومی اسمبلی کل تحلیل کی جائے گی، نگراں وزیراعظم کے لیے مشاورت کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ نگران وزیراعظم کے لئے معاشی ماہر، بیوروکریٹ سمیت تین نام فائنل کرلئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں حتمی مشاورت ہوگی۔
راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ساتھیوں سے مشاورتی عمل مکمل کرلیا ہے وزیراعظم کو اپوزیشن کے تین نام شیئر کروں گا۔
آج نیوز نے اپوزیشن لیڈر سے سوال کیا کہ نگران وزیراعظم کے لئے کسی جج ، جرنیل یا بیورو کریٹ کا نام دیا ہے، جس پر انھوں نے جواب دیا کہ نگران وزیراعظم پاکستانی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: نگراں وزیراعظم پر مشاورت تیز، ’جو بھی بنے گا پی ٹی آئی کو قبول
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان کل ملاقات ہوگی۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اہم بیٹھک میں نگران وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کریں گے۔
شہباز شریف اور راجہ ریاض کی جانب سے تین تین نام دئیے جائیں گے۔ اتفاق رائے کے بعد اس نام کا اعلان مشترکہ طور پرکیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نگراں سیٹ اپ کے لیے اپوزیشن اور حکومتی اتحاد میں مشاورت جاری ہے، نگراں وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور جسٹس (ر) مقبول باقر کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ محمد میاں سومرو، مخدوم احمد محمود کے نام بھی نگراں وزیراعظم کی فہرست میں شامل ہیں۔