دبئی (پاک نیوز) پاکستانی آموں کو متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے علاوہ دیگر ملکوں کے لوگوں میں متعارف کروانے کے لئے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے "مینگو فیسٹیول” کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر ممالک کے لوگوں نے بھی شرکت کی- پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ملٹی پرپز ہال اور سپورٹس گراؤنڈ میں پاکستانی آموں کی نمائش کی گئی جبکہ آم فروخت کے لئے بھی رکھے گئے تھے-
"مینگو فیسٹیول” میں شریک ہزاروں لوگوں کی تفریح طبع کے لئے مختلف قسم کے تفریحی پروگرام رکھے گئے تھے- بڑی سکرین پر لوگوں کو لائیو پروگرام دکھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا- خواتین اور بچوں کی دل چسپی کے لیے بھی مختلف النوع مصروفیا ت موجود تھیں- آموں کی فروخت کے ساتھ ساتھ، گارمنٹس کی سیل، مصنوعی جیولری، کھانے پینے کی اشیاء، اور دیگر چیزوں کے سٹال بھی موجود تھے-