اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے خاور مانیکا کے وکیل کی التواء کی درخواست مسترد کر دی۔
خاور مانیکا کے وکیل کی التواء کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جج افضل مجوکا نے کہا کہ ہائی کورٹ سے ڈائریکشن آ گئی ہے، ہم کیس سنیں گے۔
آج 2 مرتبہ سماعت میں وقفہ ہوا
اس سے قبل آج صبح سماعت شروع ہوئی تو بیرسٹر سلمان صفدر کے معاون وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے استدعا کی کہ سلمان صفدر راستے میں ہیں، اس لیے سماعت میں وقفہ کر دیا جائے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ ابھی تک ہائی کورٹ سے کوئی ہدایت نہیں آئی ہے۔
معاون وکیل نے کہا کہ جب تک ہائی کورٹ کی ہدایت نہیں آتی تب تک کیس کی سماعت نہیں ہونی چاہیے۔
عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔
بیرسٹر سلمان صفدر کے آنے پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اب سب کلیئر ہو چکا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح طور پر پرانی ٹائم لائن برقرار رکھی ہے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ اس عدالت میں جو درخواست آئی ہے وہ معاملہ ابھی زیرِ التواء ہے، ہونا وہی ہے جو ہائی کورٹ چاہے گی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اگر ان کی کوئی حقیقی وجہ ہوتی سماعت ملتوی کرنے کی تو ہم خود اس کی تائید کرتے، ان کے پاس درست راستہ یہ تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے، اسلام آباد ہائی کورٹ سے کوئی میسج آنا تھا تو وہ واضح طور پر آ گیا ہے، ان کی درخواست میں 10 دن کی غیر حاضری کا مؤقف اپنا کر چھٹی لی گئی، شکایت کنندہ کے پاس کسی اور کونسل کو کھڑا کرنے کا اختیار ہوتا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اب دو فیصلے آ چکے ہیں۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ مجھے آدھا گھنٹے کا وقت دیں، کیس ڈیڑھ بجے تک سن لیتے ہیں۔
خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف کے معاون وکیل نے کہا کہ نظرِ ثانی اور زیرِ التواء کی درخواستیں الگ الگ ہیں، جنرل التواء کی درخواست سیشن جج کی عدالت میں دی جاتی ہے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ مجھے اسلام آباد ہائی کورٹ آفس سےکال آ گئی ہے کہ دو اپیلیں خارج کر دی گئی ہیں، مجھے کال پر کہا گیا کہ اس درخواست سے متعلق کچھ دیر میں آگاہ کیا جائے گا، ڈیڑھ بجے کا وقت رکھ لیتے ہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکلاء نے زاہد آصف ایڈووکیٹ کے معاون وکیل کے بولنے پر اعتراض کر دیا۔
خاور مانیکا کے معاون وکیل نے کہا کہ اس عدالت نے کل ہی بتایا تھا کہ اس التواء کی درخواست پر ہائی کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی سیشن عدالت نے کیس کی سماعت میں ڈیڑھ بجے تک کا وقفہ کر دیا۔
وقفے کے بعد سماعت کرتے ہوئے عدالت نے خاور مانیکا کے وکیل کی التواء کی درخواست مسترد کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے سلمان صفدر سے کہا کہ آپ اپنے دلائل کا آغاز کریں ہم کیس سنیں گے۔